جموں 8/اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں و کشمیر میں انتظامیہ کے مطابق 4 مرحلوں پر مشتمل بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کیلئے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 13 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ایک درجن اضلع کے 422 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ ان 422 حلقوں سے 1283 امیدوار مدمقابل ہیں۔ 4 مرحلوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں میں گنتی 20 اکتوبر کو ہوگی۔ ریاست جموں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے زبردست جوش و خروش نظر آرہا ہے۔ تو وہیں دوسری جانب وادی کشمیر کے متعدد حصوں میں انٹرنیٹ کی خدمات معطل کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ قابل غور ہے کہ ووٹنگ سے ایک دن قبل تین علاحدگی پسند لیڈروں کو نظر بند کردیا گیا ۔ حریت کانفرنس کے لیڈر میر واعظ عمر فاروق ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک اور حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو اتوار کو نظر بند کردیا گیا ۔
خیال رہے کہ علاحدگی پسندوں نے 8 اکتوبرکو پورے جموں وکشمیر جبکہ بلدیاتی انتخابات کی باقی تاریخوں یعنی10 اکتوبر، 13 اکتوبر اور16 اکتوبر کو جن جن علاقوں میں میونسپل انتخابات ہو رہے ہیں ، اس دن اُن علاقوں میں احتجاجی ہڑتال کرنے اور ان انتخابات سے عملاً مکمل طور لا تعلقی کا اظہار کرنے کی کال دی ہے۔